ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / الیکشن جیتنے پر کانگریس کا اعلان ، غریب خاندان کو ملے گا سالانہ 72 ہزار روپئے 

الیکشن جیتنے پر کانگریس کا اعلان ، غریب خاندان کو ملے گا سالانہ 72 ہزار روپئے 

Tue, 26 Mar 2019 00:27:31  SO Admin   S.O. News Service

 

نئی دہلی :25؍مارچ (ایس او نیوز) ایک زبردست انتخابی تیقن دیتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج اعلان کیاکہ غریب ترین زمرہ سے تعلق رکھنے والوں کو فی کس 72,000روپئے سالانہ اقل ترین أجرت دی جائے گی بشرطیکہ ان کی پارٹی برسراقتدار آجائے ۔ نئی دہلی میں منعقد ہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 5کروڑ خاندان اور 25کروڑ افراد اس اسکیم سے راست مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ غریب پر فیصلہ کن حملہ کاآغاز ہوچکاہے ، ہم ملک سے غربت مٹاکر رہیں گے ۔ راہول گاندھی نے کہاکہ اس اسکیم کو قطعیت دینے سے قبل کا نگریس اس کے مالیاتی اثرات کا مطالعہ کرچکی ہے اور نامورماہرین معاشیات سے مشورہ کرچکی انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی طاقتور ، سنگ بنادرکھنے والا اور سوچاسمجھا نظریہ ہے ۔ ہم نے اس اسکیم کے بارے میں کئی معاشیات دانوں سے مشاورت کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ پانچ سال سے لوگ کافی مصائب برداشت کرچکے ہیں اور ہم ان کے ساتھ انصاف کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن ایک ’’تاریخی دن ‘‘ ہے کیونکہ آج کانگریس نے ملک سے غربت کومٹادینے کاآغاز کیاہے ۔ ہندوستان کے ساتھ انصاف ہمارا خواب ہے اور ہمارا عہدہے ۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ تبدیلی کاوقت آچکاہے ۔ انہوں کہاکہ کانگریس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی اس کابرسرعام اعلان کیاگیاہے ۔ مجلس عاملہ کا اجلاس کانگریس کے ہیڈ کوارٹرس پر انتخابی منشور کی قطعی صورت گری کے لیے منعقدکیاگیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اسکیم ہے اور دنیا بھر میں اس قسم کی اسکیم کہیں بھی نہیں پائی جاتی ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کانگریس برسراقتدار آجائے تو وہ ان خاندانوں کی شناخت کرے گی جو خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذاررہے ہیں ۔ انہوں نے اسے مالیاتی اعتبار سے قابل عمل اسکیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم پارٹی کے اس منصوبہ کا ایک حصہ ہے جس کے تحت ملک کے ہر فرد کے لیے اقل ترین آمدنی کو یقینی بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر نریندر مودی ملک کے مالدار افراد کو رقم دے سکتے ہیں تو کانگریس غریبوں کو کیون نہیں دے سکتی ؟ مودی دوہندوستان تخلیق کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں دوہندستان کی اجازت نہیں دیں گے صرف ایک ہندوستان ہوگا دو ہندوستان نہیں ہوں گے ۔ اس سوال پر کہ رقم کہاں سے آئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں بہت رقم ہے اور سالانہ 72ہزار روپئے اقل ترین أجرت ادا کرنے کی طمانیت دی جاسکتی ہے ۔ کانگریس ملک کے غریب ترین خاندان کو فی کس 72ہزار روپئے اقل ترین أجرت ادا کرنے کی تیقن دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو یادہوگا کہ مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں میں نے زرعی قرضہ جات اقتدار پر آنے کے اندرون 10دن معاف کرنے کا تیقن دیاتھا آج میں انصاف کرنے کاتیقن دیتاہوں ۔ مرحلہ واربنیادپر اسکیم نافذ کی جائے گی ۔ پہلے پائلٹ پراجیکٹ چلایا جائے گا اور اس کے بعد اسکیم ہر شخص واقف ہوگا کہ اس کی رقم کہاں جارہی ہے ۔ جو کچھ ہورہاہے ہم اسے دکھائیں گے ۔ ہم گذشتہ 4 تا 5ماہ سے اس پرغور کررہے ہیں ۔


Share: